menu close
    press releases
    August 11, 2020

    انڈس ہسپتال میں High Dependency Unit قائم کرنے کیلئے داؤد فاؤنڈیشن اور الائیڈبینک کے مابین اشتراک

    داؤد ہرکولیس گروپ کے فلاحی ادارے داؤد فاؤنڈیشن اور الائیڈ بینک نے مشترکہ طور پر 18.7ملین روپے کی لاگت سے کرونا کے مریضوں کیلئے انڈس ہسپتال میں High Dependency Unit(HDU)قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس منصوبے کے تحت اس امدا د کو 16بستروں پر مشتمل آئی سی یو۔ایچ ڈی یویونٹ کے قیام اور چلانے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

    کمپنی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس منصوبے کیلئے دونوں اداروں نے برابر 9.35ملین روپے مختص کئے ہیں۔منصوبے کے تحت انڈس ہسپتال اس مالی امداد کوتمام طبی سہولتوں سے لیس 20بستروں پر مشتمل ایک مکمل HDUکے قیال کیلئے استعمال کرے گا۔اس منصوبے سے سندھ میں Covid-19مریضوں کی ترجیحی بنیادوں پردیکھ بھال کی صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔

    واضح رہے کہ اس سے پہلے جون میں اینگرو کارپوریشن اور داؤد ہرکولیس کارپوریشن کے چیئر مین حسین داؤد کی جانب سے کرونا کی مریضوں کیلئے دی جانی والی ایک ارب کی امداد کے تحت نشتر ہسپتال ملتان میں ایک HDUقائم کیا جاچکا ہے۔حسین داؤداور داؤد ہرکولیس گروپ وائرس کے خلاف بیماری کی روک تھام، جانچ اور تشخیص،اس وبا کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی حفاطت، مریضوں کی دیکھ بھال اور ان کو فراہم کی جانے سہولیات کو یقینی بنانے اورمعاشرے کے مستحق افراد تک ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانے جیسے محاذوں پرتندہی سے کام کررہے ہیں۔

    ملک کے دیگر اداروں کی طرح الائیڈ بینک نے بھی مستحق خاندانوں کو فوری امداد کے فراہمی کے ذریعہ اس وبائی بیماری کے اثرات کو دور کرنے کیلئے حکومت اور سوسائی کی بھر پور مدد کی ہے۔بینک نے متعدد این جی اوز کے ساتھ مل کر ملک کی مختلف حصوں میں کھانے کی تقسیم، تشخیصی کٹس اورذاتی حفاظتی سامان کی فراہمی، تحقیق اور اس سے منسلک صحت کے دیکھ بھال کی سہولیات کا انتظام کرنے کیلئے ملک کے معروف ہسپتالوں اور طبی مراکز کو براہِ راست مالی امداد فراہم کی ہے۔

    داؤد فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سبرینا داؤد کے مطابق ہمیں خوشی ہے کہ انڈس ہسپتال کی ساتھ ہماری شراکت داری ایک نئے مرحلے میں داخل ہورہی ہے، جس میں جانچ اور تشخیص کو فروغ دینے سے لیکر مریضوں کی دیکھ بھال کی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ملک کے مختلف حصوں میں مریضوں کی نگہداشت میں بہتری لانے کیلئے HDUکا قیام ہمارے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم معاشرے میں صحت کی بہتر سہولیات پہنچانے اور قیمتوں جانوں کو بچانے کی خواہش رکھتے ہیں۔

    اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے الائیڈ بینک کے سی ای او طاہر حسین قریشی نے کہا کہ اس مشکل وقت میں الائیڈ بینک ملک کے بڑے ہسپتالوں کو امداد فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔انڈس ہسپتال کرونا کے مریضوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے میں سرِفہرست رہا ہے اور میں امید کرتا ہوں کی اس شراکت داری سے ان لوگوں کی مدد ہوگی جو اس بیماری اور وبائی مرض سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

    انڈس ہسپتال کی سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان نے کہا کہ چونکہ پاکستان Covid-19سے لڑرہا ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم مریضوں کی نگہداشت کی اہم سہولیات اور صحت عامہ کے نظام کو بہتربنانے کیلئے مشترکہ کوششوں پر توجہ دیں۔HDUقائم کرنے کا یہ پروگرام اس سلسلے میں ایک خوش آئند قدم ہے اور داؤد ہرکولیس گروپ اور الائیڈ بینک کے ساتھ اپنے تعاون کے اس نئے باب کو جلداز جلدشروع کرنے کے منتظر ہیں۔