menu close
    press releases
    August 19, 2020

    اینگرو فرٹیلائزر نے کسانوں کی سہولت کیلئے سندھ میں مفت موبائل سوئل لیبارٹری کا آغاز کردیا

    اینگرو فرٹیلائزر نے ملک کے 74ویں یومِ آزادی کے موقع پرکسانوں کی فلاح و بہود اور ملک کی زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے اپنی دوسری موبائل سوئل ٹیسٹنگ لیبارٹر کا آغازسندھ میں کردیا ہے۔کمپنی کا یہ قدم غذائی عدم تحفظ اور کم زرعی پیداوار کے خلاف ملک کی جنگ میں مدد گار ثابت ہوگاجبکہ آئندہ تیس سالوں میں ملکی آبادی دوگنی ہوجانے کی امید ہے۔

    اس حوالے سے ایک لانچنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کسانوں کی بڑی تعداد کے علاوہ سندھ اباد گار بورڈ کے صدرعبدالمجید نظامانی، سندھ آباد گار بورڈ کے سینیئر نائب صدر محمود نواز شاہ، سندھ ایگری کلچر ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ہدایت اللہ چارجو اورسندھ یونیورسٹی میں سوئل سائنس ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر غلام مرتضیٰ جامرو نے شرکت کی۔اس موقع پر اینگرو فرٹیلائزر کے سی ای او نادر سالا ر قریشی، چیف کمرشل آفیسر عامر اقبال اور کمپنی کے سینیئر عہدیداران بھی موجود تھے۔

    اس تقریب کا مرکزی خیال «وطن کی مٹی گواہ رہنا «پاکستان کی زرعی لینڈ اسکیپ اور لاکھوں کسانوں کے معاشی حالات کو بہتربنانے کے اینگرو فرٹیلائزر کے وژن اور عزم کی عکاسی کرتا ہے۔کمپنی کے مطابق موبائل سوئل ٹیسٹنگ لیب کی سہولت اینگرو فرٹیلائزرکی ملک کی قابلِ کاشت زمین کو زرخیز بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے جہاں عالمی درجہ حرارت میں اضافہ کے اثرات، ٹڈیوں کے حملوں اور فرسودہ زرعی طریقوں کی وجہ سے کسانوں کو پیداوار میں کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    فی الحال کمپنی کی جانب سے پنجاب اور سندھ میں زمین کی جانچ کیلئے دو لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں۔مزید یہ کہ پنجاب میں کام کرنے والی کمپنی کی مفت موبائل سوئل ٹیسٹنگ لیب کو اب سندھ میں بھی متعارف کروادیا گیا ہے تاکہ کسانوں کو ان کی دہلیز پر زمین کی Ph ویلیو،نمکینی، غذائی اجزاء، نامیاتی مادہ اور پانی کے معیارکی جانچ کی سہولت پہنچائی جاسکے۔جانچ کے بعد موبائل لیب کا ماہر کسانوں کو پیداوار اور زمین کی حالت میں بہتری لانے کیلئے سفارشات فراہم کرے گا۔

    اس موقع پر اینگرو فرٹیلائزر کے سی ای او نادر سالار قریشی نے کہا کہ ہم ایک بامقصد کمپنی ہیں۔ہم ایسے اقدامات کے ذریعے 50سالوں سے زائد عرصے سے پاکستانی کسانوں کے قابلِ اعتماد ساتھی ہیں جو ان کی فلاح و بہود میں مدد فراہم کرتے ہیں۔موبائل سوئل ٹیسٹنگ لیب اپنی نوعیت کی ایک انوکھی سہولت ہے جو ہمارے کسانوں کی پیداوار کو بہتربنانے کیلئے زمین کی صحت اور غذائی اجزاء کے معیار کو سمجھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

    اس موقع پر سندھ آباد گار بورڈ کے سینیئر نائب صدر محمود نواز شاہ نے کہا کہ اینگرو فرٹیلائزر کاشتکاروں کی دیکھ بھال اور کسانوں کو مدد فراہم کرنے والے جدید اقدامات متعارف کروانے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ زمین کی جانچ کیلئے اس موبائل سہولت کی فراہمی پر ہم کمپنی کے مشکور ہیں جو کاشتکاروں میں زمین کے معیار کو بہتر بنانے کے طریقوں کے بارے میں سمجھ پیداکرے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں مکئی کی فصلوں کے علاوہ دیگر فصلوں کی پیداوار کے اعداد وشمار دنیا کی اوسط پیداوار سے کم ہیں جس میں اضافے کیلئے زراعت کے شعبے میں نئے طریقوں کو اپنانے اور کسانوں کی مدد کیلئے مستقل کوششوں کی ضرورت ہے۔اس اقدام کے ذریعہ صحیح غذائی انتظامی پروگرام کے ساتھ زرعی پیداوار کی صلاحیت کو بہتر بنانے کی سمت ایک قدم اٹھایا گیا ہے جس سے فی ایکڑ پیداوار میں ممکنہ طور پر 10فیصد اضافہ کیا جاسکتا ہے۔