menu close
    press releases
    March 08, 2021

    .احساس آمدن پروگرام کے تحت اینگرو فاؤنڈیشن اور پی پی اے ایف کے اشتراک سے 70ملین روپے کی لاگت سے معاشی بہبودکے اقدامات کا آغاز

    کراچی5مارچ2021: اینگرو کارپوریشن اور داؤدہرکولیس کے چیئرمین حسین داؤد کی طرف سے کووِڈ 19کے خلاف ایک ارب روپے کی امداد کے عہد کے تحت اینگرو کارپوریشن کی سماجی کمپنی اینگرو فاؤنڈیشن نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ(پی پی اے ایف) کے ساتھ احساس آمدن پروگرام کے ذریعے70ملین روپے کی لاگت کے معاشی اقدامات کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت پردستخط کئے ہیں۔

    ان اقدامات کے تحت اینگرو فاؤنڈیشن ایک معاشی پروگرام تیار کرے گی جس میں لائیو اسٹاک کے شعبے میں چھوٹے کسانوں پر توجہ دی جائے گی۔ یہ شراکت داری احساس آمدن پروگرام کیلئے امور انجام دینے والی ایجنسی پی پی اے ایف کے ساتھ تعاون کے ذریعے حکومتِ پاکستان کے غربت کے خاتمے کے پروگرام کو سپورٹ کرے گی تاکہ ایسے مستحق خاندانوں کو مدد فراہم کی جاسکے جن کی آمدنی کرونا کی وباء کے دوران بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ احساس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو اثاثے فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ وہ غربت سے نجات حاصل کرسکیں۔ان اثاثہ جات میں مویشی (بکریاں، گائے، بھینس، پولٹری)، زرعی سامان، چنگچی رکشہ باڈی اور چھوٹے دکانداروں اورکاروباری اداروں کیلئے سامان وغیرہ شامل ہیں۔ یہ پروگرام پاکستان کے چاروں صوبوں کے 23غریب ترین اضلاع کی 75یونین کونسلوں میں شروع کیا جا رہا ہے۔

    اینگرو کارپوریشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اور اینگرو فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی غیاث خان کے مطابق، کووڈ 19کے معاشی اثرات نے لاکھوں افراد کو غربت کی طرف دھکیل دیا ہے اور اس کے نتیجے میں پاکستان میں 30لاکھ ملازمتیں متاثرہوئی ہیں۔حکومت کے احساس پروگرام کو غربت میں کمی کیلئے عالمی سطح پر ایک رول ماڈل کے طورپر تسلیم کیا گیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں پی پی اے ایف کے ساتھ ہماری شراکت احساس پروگرام کے ذریعے ایک مثبت تبدیلی لائے گی۔

    پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسرقاضی عظمت عیسیٰ کانے کہاکہ احساس آمدن پروگرام کیلئے اینگرو کا تعاون قابلِ تعریف ہے کیونکہ اس سے دیہی علاقوں میں خواتین کو روزگار کے زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔اس پروگرام سے سینکڑوں محروم خواتین پہلے ہی فائدہ اٹھاچکی ہیں اورا ب یہ مشترکہ منصوبہ ہمیں مزید غریب خواتین تک رسائی دینے کے قابل بنائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال اینگرو کارپوریشن اور داؤدہرکولیس کے چیئرمین حسین داؤد نے کووِڈ 19کے خلاف مختلف محاذوں پر امدادی سرگرمیوں کو سپورٹ فراہم کرنے کیلئے ایک ارب روپے کی امداد کا عہد کیا تھا۔اس عہد کے تحت بیماری کی روک تھام، جانچ اور تشخیص،اس وبا کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی حفاطت، مریضوں کی دیکھ بھال اور ان کی فراہم کی جانے سہولیات کو یقینی بنانے اورمعاشرے کے سب مستحق افراد تک ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانے جیسے محاذوں پرتندہی سے کام کیا جارہا ہے۔